05/04/2026
از
ڈاکٹر صفی اللہ خان مروت
ممبر ایم آئی جے سٹیئرنگ کمیٹی و
ممبر نگران کمیٹی, ایم آئی جے سکول آف لیڈرشِپ (میجسول)
ضلع لکی مروت
عنوان : وضاحت بابتِ ایم آئی جے سکول آف لیڈرشپ (میجسول)
اس گروپ کے تمام معزز ممبران سے معروض ہوں کہ ایم آئی جے سکول آف لیڈرشپ (میجسول) ضلع لکی مروت کے فلاحی ادارے ایم آئی جے کے ماتحت ادارے کے طور پر اپنی مدد آپ کے تحت اگرچہ "بغیر منافع اور بغیر نقصان" کی بنیاد پر پچھلے ایک سال سے ضلع لکی مروت میں فنکشنل ہے جس کے ماہانہ اخراجات قریباً اوسطاً ساڑھے تین لاکھ ماہانہ ہیں جس میں اب تک صرف 25 طلبہ آن پیمنٹ ہیں جوکہ صاحبِ ثروت والدین کے بچے ہیں لیکن اُن میں سے بھی اکثر بہن بھائی ہیں جن کو سِبلِنگز کی رعایت حاصل ہے مطلب میجسول ایک ہی والدین کے پہلے بچے سے 3000 ہزار روپیہ لیتا ہے اُس کے دوسرے بچے سے 2250 روپے لیتا ہے اور تیسرے بچے سے 1500 روپے لیتا ہے اس کے علاوہ کم آمدن والے کچھ ایسے والدین بھی ہوتے ہیں جن کے بچوں کو میجسول اُن کے بچوں کی قابلیت و صلاحیت و ضرورت کے مطابق فیس میں رعایت دیتا ہے. اس حساب سے مذکورہ بالا آن پیمنٹ بچوں سے میجسول کیلئے 50,000 سے بھی کم فیس جمع ہوتی ہے جس کی وجہ سے میجسول ماہانہ تین لاکھ خسارے میں جا رہا ہے جس کو اللہ کے فضل سے ایم آئی جے اپنے وسائل سے پورا کر رہا ہے
علاوہ ازیں میجسول میں اکثریت غریب و نادار و یتیم و مستحق بچوں کی ہے جن کو مکمل طور پر فری معیاری تعلیم و فری یونیفارم و فری شُوز و فری کُتب و فری سکول بیگز وغیرہ دی جارہی ہیں.
میجسول میں اساتذۂ کرام کی شروع کی ماہانہ تنخواہ انتہائی معقول ہے اور ان میں سے سب سبجیکٹ سپیشیلسٹ اور کئی ایک ڈبل گولڈ میڈلسٹ ہیں سکول میں ایک بہت بڑا سولر سسٹم انسٹالڈ ہے کلاس رومز میں ہیٹینگ و کُولنگ سسٹم موجود ہے.
کینٹیب پبلشرز کا بہترین سلیبس پڑھایا جا رہا ہے. طلبہ اور اساتذۂ کی کارکردگی کا ماہانہ و سالانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اُن کے تدریسی و اخلاقی و تربیتی معیارات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے.
پچھلے 31 مارچ 2026 کو ایک بہت بڑا و با مقصد و پُروقار سالانہ رزلٹ ڈے و یومِ والدین منایا گیا جس میں ایک کثیر تعداد میں عمائدین علاقہ نے شرکت کی اور بچوں کی اُن کی بہترین علمی کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا.
اور یہ سلسلہ انشاء اللہ آگے رُکنے والا نہیں ہے کیونکہ یہ ادارہ ضلع لکی مروت کے ایسے سپوتوں نے شروع کیا ہے جن کے دل میں اپنے ہم وطنو کیلئے کیلئے درد ہے.
اگرچہ ہمارا فیس بُک کا یہ پیج صرف میجسول کی خبریں دینا ہیں اور یہاں پر ہمیں اپنی صفائی پیش کرنے کی کوئی ضرورت بھی نہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے کچھ لوگ سچ سے زیادہ جھوٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں اُن کا حساب وہی ہوتا ہے کہ نہ ہی کچھ کرنا ہے اور نہ ہی کچھ کرنے دینا ہے تو اس لئے مجھے آج پہلی دفعہ یہ وضاحتی بیانات دینے پڑے
یہ بھی واضح رہے کہ ایم آئی جے یا میجسول نہ تو کسی کا ذاتی ادارہ ہے نہ ہی یہ کوئی این جی او ہے نہ ہی اس کو کسی اندرونی یا بیرونی ادارے یا کارپوریشن وغیرہ سے پیسے ملتے ہیں بلکہ اللہ کے فضل سے یہ صرف اور صرف مخیر حضرات و خواتین کے مالی تعاون سے چل رہا ہے.
آپ سب سے گُذارش ہے کہ آئیے اور اس نیک کام میں ہمارا ساتھ دیں ہم آپ لوگوں کو ہر وقت سُننے کیلئے تیار ہیں آپ سے رہنمائی لینے کیلئے تیار ہیں ہم آپ کو سکول میں خوش آمدید کہتے ہیں میں 24 گھنٹے عوام اور والدین کے ساتھ رابطے میں ہوتا ہوں ہم انسان دوست ہیں البتہ مُکمل صرف اللہ کی ذات ہے خامیاں ہم میں بھی ہوسکتی ہیں اور باقی لوگوں میں بھی لیکن اس کی اصلاح کرنی چاہیئے نہ کہ سوشل میڈیا پر آکر خواہ مخواہ میں پروپیگنڈہ.
مجھے اُمیدِ واثق ہے کہ اگر آپ سب میں سے کوئی بھی فرد مجھ سے بالمشافہ صرف ایک مرتبہ ملاقات کرے یا فون پر بات کرے تو شائد کہ ایسا ممکن ہی نہ ہو کہ ہم آپ کو اپنی مُحبت و انسان دوستی و خدا ترسی و اخلاص و ایثار و بے غرض و بے لوث خدمات کے جذبے کی بناء پر قائل نہ کرسکیں یا آپ کو اپنا ہمنواء نہ بنا سکیں. لیکن ہم بھی انسان ہیں ہمیں بھی آپ کی سپورٹ کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے پہاڑ جیسے حوصلوں کو مزید دوام مل سکے.
شائد آپ میں سے اکثر کو یہ پتہ ہی نہ ہو کہ ہم ضلع لکی مروت کے موجودہ صورتحال میں کن انگاروں پر چل کر اس اُجڑے ہوئے گُلستاں کے تزئین میں سرگرداں ہیں. بقولِ شاعر:
خونِ دل دے کر نکھاریں گے رُخِ برگِ گُلاب
ہم نے گُلشن کے تحفظ کی قَسم کھائی ہے
اللہ تعالیٰ آپ سب کو شاد و آباد رکھے