22/10/2026
*گوادر میں شہزاد اینڈ شاؤ فارم کا افتتاح کردیا گیا، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید پیدا ہوگئی۔*
گوادر: (رپورٹ انسائیڈ گوادر) گوادر میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر شہزاد اینڈ شاؤ فارم کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پارلیمانی سیکریٹری نسیم الحق، پنجاب اسمبلی کی رکن تحسین فواد، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ، چیئرمین کوپک، ڈی سی گوادر شے مختار بلوچ سمیت کاروباری شخصیات، وکلا، صحافی برادری، طالبات، اساتذہ اور چینی شہریوں نے شرکت کی۔
چائینہ بزنس سینٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزاد اینڈ شاؤ فارم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر شاؤ نے کہا کہ گوادر کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ایک موزوں مقام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر میں اپنے غذائی فارم کا افتتاح ان کے لیے خوشی اور فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنی نہ صرف چین میں غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ مقامی سطح پر بھی روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔
مسٹر شاؤ نے مزید کہا کہ گوادر کی جغرافیائی اہمیت اور تجارتی امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے یہاں پر سرمایہ کاری کرکے اپنی کمپنی کا آغاز کیا ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ اور دیگر مقررین نے شہزاد اینڈ شاؤ فارم کے قیام اور افتتاح کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے موضوع مقام ہے جبکہ پاکستانی اور چینی کمپنیوں کی جانب سے یہاں سرمایہ کاری سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے گوادر سمیت پورے خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان منصوبوں سے مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بڑھنے، کاروباری ماحول بہتر ہونے اور لوگوں کے معیارِ زندگی میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں،
(انسائیڈ۔ گوادر)