24/01/2026
پی ای سی کا پہلا محکمانہ ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ 2026 گولڈن جوبلی تقریبات کے تحت اختتام پذیر ہوگیا
اسلام آباد: پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے اپنی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں، 50 سالہ شاندار خدمات کی تکمیل پر، پہلا محکمانہ ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ 2026 منعقد کیا۔ یہ ٹورنامنٹ چیئرمین پی ای سی، انجینئر وسیم نذیر کی سرپرستی میں 20 سے 22 جنوری 2025 تک منعقد ہوا، جبکہ اختتامی تقریب 23 جنوری کو پی ای سی ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی گئی۔ چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب کی رونق بڑھائی، جبکہ رجسٹرار پی ای سی انجینئر خادم حسین بھٹی، شعبہ جاتی سربراہان، سینئر افسران اور ملازمین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر اور رجسٹرار انجینئر خادم حسین بھٹی نے ٹورنامنٹ کے فاتحین اور رنرز اپ میں شیلڈز اور چیکس تقسیم کیے، جبکہ شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ مردوں کے مقابلوں میں انجینئر فہد مصطفیٰ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ) نے ٹورنامنٹ اپنے نام کیا، جبکہ انجینئر مغیرہ جمال، سائٹ انجینئر (پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ) رنر اپ رہے۔ خواتین کے مقابلوں میں انجینئر ثمر نسیم، اسسٹنٹ رجسٹرار (گلوبل لنکیجز) نے ٹورنامنٹ جیتا، جبکہ انجینئر ردہ ناصر، اسسٹنٹ رجسٹرار، رنر اپ رہیں۔
چیئرمین پی ای سی نے میچ ریفریز انجینئر علی رضا آصف اور انجینئر عمر، نیز آرگنائزنگ ٹیم کے اراکین انجینئر حارث رشید، انجینئر صدف بنگش اور انجینئر حسن کامل میں بھی اسناد اور انعامات تقسیم کیے، جنہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد میں قائدانہ کردار ادا کیا۔
چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ پی ای سی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے تحت منعقد ہونے والا یہ اسپورٹس ٹورنامنٹ کونسل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد کیا گیا ہے اور آئندہ اسے ملک بھر میں پی ای سی کے تمام علاقائی دفاتر تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کو انجینئرنگ ہائر ایجوکیشنل اداروں اور نوجوان انجینئرز تک بھی وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ای سی انجینئرز کے لیے باقاعدہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کے لیے ایک منظم اسپورٹس فریم ورک متعارف کرائے گا، جس کا مقصد صلاحیتوں کو نکھارنا اور صحت مند و متوازن طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔ پی ای سی کے مطابق، چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انجینئرز کی اسپورٹس ٹیمیں تیار کی جائیں گی جو قومی سطح کے مقابلوں، بشمول نیشنل گیمز، میں پی ای سی کی نمائندگی کریں، جبکہ طویل المدتی ہدف اولمپکس جیسے بین الاقوامی فورمز میں شرکت ہے۔